مینگلور 22/ اکتوبر (ایس او نیوز) پڑوسی ریاست کیرالہ کے سرحدی ضلع کاسرگوڈ کے اوپلا کے بیکور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں سائنس نمائش گاہ کے لئے ڈالا گیا چھپّراچانک بیٹھ جانے سے 59 افراد زخمی ہوگئے جن میں زیادہ تر طالب علم بتائے گئے ہیں ۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق مذکورہ اسکول میں منجیشور سب ڈسٹرکٹ لیول سہ روزہ سائنس ایگزیبیشن منعقد کیا گیا تھا اور قریب دو ہزار طلبہ اس میں شریک ہوئے تھے۔ چھپر گرنے سے پترے کی شیٹس کے نیچے 200 سے زائد طلبہ پھنس گئے تھے، جنہیں باہر نکالا گیا۔ زخمیوں میں 16 لوگوں کو مینگلور کے مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے، جبکہ کئی دیگر کاسرگوڈ سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
اس معاملے میں پولس نے معاملہ درج کرتے ہوئے کنٹریکٹر سمیت دس لوگوں کو حراست میں لیا ہے اور مزید چھان بین جاری ہے۔